Qalamkar Website Header Image

سوشل میڈیا کا انتشار اور قلمکار کا اجتماع

فیس بک اور سوشل میڈیا سے متعلق یہ گلہ اپنی جگہ کہ ان کی وجہ سے معاشرے میں انتشار کو راہ ملی اور سنسنی خیزی میں اضافہ ہوا۔ لیکن وہیں پر یہ بات بھی ایک حقیقت ہے کہ اردو لکھنے پڑھنے کے جس قدر مواقع فیس بک پر میسر آئے انہوں نے ہمارے انگلش میڈیم ماحول میں اردو کو ایک نئی زندگی بخشی۔ بلاشبہ یہ فیس بک کا اردو پر ایک احسان کہا جا سکتا ہے لیکن احسان کا یہ سلسلہ یک طرفہ نہیں رہا۔ ہمارے ہاں کچھ ایسے مردان کار سامنے آئے جنہوں نے فیس بک پر بکھرے مختلف الخیال اور نو آموز لکھنے والوں کو منظم پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ٹھانی، جہاں وہ اپنے خیالات کا بے لاگ اظہار کر سکتے تھے تاہم اب انہیں زبان و بیان کی نزاکتوں کو بھی ملحوظ رکھنا تھا۔ اظہار رائے پر پابندی نہیں تھی لیکن اظہار کے پیرائیہ کو شائستہ اور مدلل ہونا تھا۔ میرا اشارہ ان ویب سائٹس کی جانب ہے جن کی ابتدا اور ارتقاء کا مشاہدہ ہم پچھلے ڈیڑھ دو برس سے کر کرہے ہیں۔

بہت سے یسے پلیٹ فارم سامنے آئے۔ کچھ نے بہت پرجوش آغاز کیا لیکن پھر وہ اپنی رفتار برقرار نہ رکھ پائے۔ کچھ کسی نا کسی فکر کے ساتھ نتھی ہو کر رہ گئے اور کچھ آج بھی روز اول کی طرح اپنے کام کے ساتھ سرگرمی سے منسلک ہیں۔ ان سب ویب سائٹس میں "قلمکار” ایک منفرد سائٹ ہے ۔ اس کا آغاز بہت ہنگامہ خیز نہ تھا۔ نہ ہی کوئی بڑے دعوے سامنے آئے لیکن جہد مسلسل اور بھرپور محنت سے قلمکار نے نہ صرف خود کو بھرپور طریقہ سے زندہ رکھا بلکہ معیار اور مقدار کی بہترین آمیزش سے اپنے قارئین کے ذوق مطالعہ کو ہمہ وقت مہمیز بھی فراہم کی۔

یہ بھی پڑھئے:  شوق کا کوئی مول نہیں

جناب حیدر جاوید سید، محترم عامر حسینی اور ملک قمر عباس اعوان پر مشتمل نگران ٹیم نے یقینی بنایا کہ مضامین طبع زاد ہوں، تراجم یا پھر اخبار و جرائد سے انتخاب، اس میں مختلف آراء اور نقطہ ہائے نظر کی بھرپور نمائندگی موجود رہے تاکہ قلمکار کے پڑھنے والوں کو حالات و واقعات پر ایک بالغ نظر رائے قائم کرنے میں آسانی ہو ۔ توازن اور اعتدال پر مبنی وعدے تو آپ کو ہر ویب سائٹ پر دکھائی دیں گے لیکن حق یہ ہے کہ کم ہی دوست اس کا پاس کر پائے ہیں۔ قلمکار کا نام اس اقلیت میں بہت نمایاں ہے۔

آج جب قلمکار کی ٹیم اور قارئین قلمکار کی سالگرہ منا رہے ہیں میں ان کو دلی مبارک باد پیش کرنا چاہوں گا ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی قلمکار کو آئندہ بھی شاندار کامیابیوں سے نوازے۔

حالیہ بلاگ پوسٹس