اللہ تعالیٰ نے بہت سے حشرات الارض بنائے مگر کچھ ایسے حشرات بھی ہیں جو بظاہر نظر نہیں آتے،ان میں سے ایک غیرت نامی کیڑا بھی ہے جو ہمارے معاشرے کے مردوں کے دماغوں میں پیدائشی طور پرداخل کر دیا گیا ہے۔یہ کیڑا یوں تو دماغ میں ہر وقت کلبلاتا رہتا ہے مگر اس کیڑے کا تعلق عورت ذات کی تمام حرکات و سکنات سے مشروط ہے بشرطیکہ وہ عورت آپ کی ماں ،بہن،بیوی یا بیٹی ہو۔اگر یہ کیڑا کسی مرد کو کاٹ لے تو اس کی غیرت زور سے جاگ اٹھتی ہے اور وہ اپنے خاندان کی کسی عورت مثلاً اپنی ماں ،بہن، بیوی یا بیٹی کا قتل کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔خدشہ تو یہ ہے کہ اگر یہ کیڑا اسی طرح اتنی جلدی جلدی ان نام نہاد غیرت مندوں کو کاٹتا رہا تو وہ وقت دور نہیں کہ ماں ،بہن،بیوی اور بیٹی کو اپنی جان اور عزت بچانے کے لئے خود کشی کرنی پڑے گی۔
یہ غیرت اس وقت تک نہیں جاگتی جب تک عورت بھیڑ بکری یا قربانی کے جانور کی طرح خود کو پیش کرتی رہے۔جہاں اسے احساس ہوا کہ وہ بھی ایک انسان ہے اور جیتا جاگتا وجود رکھتی ہے یہ غیرت یک دم بیدار ہو جاتی ہے۔جب عورت پر تشدد روا رکھا جاتا ہے نہ صرف ہاتھ سے بلکہ اس پر زبانی تشدد کیا جاتا ہے، بد کلامی، گالم گلوچ، طعنوں، تشنوں اور دنیا کے سب سے آسان کام بد کرداری کے الزامات سے اس کا کلیجہ چھلنی کیا جاتا ہے اس وقت یہ غیرت کہاں ہوتی ہے ؟ اس وقت کسی کو خیال نہیں آتا کہ اس جیتے جاگتے گوشت پوست کے وجود کے بھی جذبات ہو سکتے ہیں اور یہ بھی کسی تکلیف اور ذہنی اذیت سے گذر سکتی ہے۔اس وقت کوئی یہ نہیں سوچتا کہ اس پر کیا بیت رہی ہے؟اس لئے کہ کچھ عورتیں اپنا گھر بچانے کے لئے ،کچھ خاندان کی عزت و ناموس کے لئے یا اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر چپ سادھ لیتی ہیں۔خود پر زندگی حرام کر لیتی ہیں۔اور جو خود کو بھیڑیوں کا تر نوالہ بننے سے بچاتی ہیں انہیں اس پر بھی یہ سننے کو ملتا ہے،ہونہہ،بڑا غرور ہے سمجھتی کیا ہے خود کو۔۔
اور اگر کوئی عورت قندیل کی طرح اپنی آزادی کا انتخاب کرتی ہے اسے اپنی آزادی کی قیمت اپنی جان دے کے چکانا پڑتی ہے۔عورت کی آزادی کی حدود کا تعین بھی مرد اور معاشرہ ہی کرتا ہے، مرد کی آزادی لا محدود ہے۔عورت کی ھدود پر آرڈینینس بھی لاگو ہوتے ہیں۔جن کا اطلاق صرف عورت پر ہی ہوتا ہے، مرد پر کسی مذہب، اخلاقیات اور آردینینس کا اطلاق نہیں ہوتا۔اب زمین پر اتنے خدا ہیں کہ وہ آسمان پر بیٹھے خدا کو مشورے دینے کے اہل ہو چکے ہیں کہ اسے کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں۔نیکی بدی،گناہ ثواب اور جزاوسزا کے فیصلے یہ زمینی خدا زیادہ بہتر اور جلدی کر لیتے ہیں اور قیامت برپا کر دیتے ہیں،پھر قیامت کا انتظار کیوں؟
تو اے زمینی خداؤ، اے فرشتو، اے غیرت مندو تمہیں سمجھانا مشکل نہیں ہے، نا ممکن ہے،اس معاشرے کی عورت اس زمین پر تمہارے فیصلوں کی محتاج ہے، تم زندہ زمین میں گاڑ دو، جلا دو،چہرے پر تیزاب پھینک دو، غیرت کے نام پر قتل کر دو، مارو پیٹو، ہر قسم کی اذیت دو۔مذہب اور اخلاقیات کی باتیں کرنے والو یا تو تمہارا مذہب جھوٹا ہے یا تم جھوٹے ہو۔



ایک محنت کش خاتون ہیں۔ قسمت پر یقین رکھتی ہیں۔کتابیں پڑھنے کا شوق ہے مگر کہتی ہیں کہ انسانوں کو پڑھنا زیادہ معلوماتی، دل چسپ، سبق آموز اور باعمل ہے۔لکھنے کا آغاز قلم کار کے آغاز کے ساتھ ہوا۔ اپنی بات سادہ اور عام فہم انداز میں لکھتی ہیں۔ قلم کار ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔
دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn