زمانہ طالبعلمی میں میرے اُردو کے استاد ہوا کرتے تھے پروفیسر ثناء اللہ رندھاوا صاحب، وہ اکثر ہمیں داغ دہلوی کا یہ شعر سنایا کرتے تھے۔
نہیں کھیل اے داغؔ یاروں سے کہہ دو
کہ آتی ہے اُردو زباں آتے آتے
میں جب بھی یہ شعر سنتا تو اس کا مطلب میری سمجھ میں بالکل نہیں آتا تھا۔ لیکن جب عملی زندگی میں قدم رکھا تو سمجھ میں آیا کہ واقعی اردو زبان کو سمجھنے کیلئے زندگی بیت جاتی ہے، لیکن اس زبان پر عبور حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ آج کل اردو زبان کے نفاذ کا بہت چرچا ہے۔ پہلے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کی طرف سے نفاذ کا فیصلہ سنایا گیا، پھر صوبائی حکومت کی طرف سے مراسلہ جاری ہوا اور اب ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھی سرکاری دفاتر میں اردو کے نفاذ کیلئے فوری اقدامات کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
تمام سرکاری خط وکتابت کو اردو میں کرنے کے ساتھ ہر چیز کا ترجمہ کرنے کا بھی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اس فیصلے پر بیشتر لوگ تو بہت خوش ہیں لیکن ہر لفظ کا ترجمہ کرنے کے حوالے سے زیادہ تر پریشان بھی ہیں۔ یہ بات ٹھیک ہے کہ کسی ملک کی ترقی کا راز اس کی اپنی زبان میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ غیروں کی زبان میں ہم کبھی بھی ترقی نہیں کر سکتے لیکن اصل مسئلہ جو ہمیں درپیش ہے، وہ یہ ہے کہ زیادہ تر مواد تو انگریزی زبان میں ہے اور انگریزی ہماری زندگی میں رچ بس گئی ہے، اس کو ہم مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتے۔ ہماری نوجوان نسل خالص اردو کو استعمال کرنے میں دشواری محسوس کرتی ہے۔
میری بھی شروع سے یہ خواہش رہی ہے کہ ہمارے ہاں اردو زبان کو رائج اور انگریزی کو کم سے کم استعمال ہونا چاہیے لیکن یہ وہی زبان ہو جو عام آدمی کی سمجھ میں بھی آ سکے۔ جناتی اردو تو انگریزی سے بھی مشکل ہے۔ نہیں یقین تو اپنے گھر کی رجسٹری یا کرایہ نامہ پڑھ لیں۔ اردو جو کہ مختلف زبانوں کا مجموعہ ہے، ایک وسیع زبان ہے۔ اس زبان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ دوسری زبانوں کی بہ نسبت بے شمار الفاظ کو جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردو زبان سمندر کی مانند وسیع زبان کی حیثیت رکھتی ہے۔ حالیہ اقوام متحدہ کے سروے کے مطابق اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ سرکاری زبانیں کل سات ہیں، جن میں اردو تیسرے نمبر پر ہے۔
کوئی بھی زبان خود سے ترقی نہیں کرتی بلکہ کسی قوم کی ترقی کے نتیجہ میں وہ زبان خود بخود ترقی و وسعت پکڑتی ہے۔ اب یہ ہماری بد قسمتی رہی کہ نہ ہم اس رفتار سے ترقی کر سکے اور نہ ہماری زبان ہی ترقی کر سکی۔ اب تو مقابلے کا امتحان یعنی سی ایس ایس میں بھی اردو زبان کو رائج کرنے کا فیصلہ آ چکا ہے۔ سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اردو زبان سی ایس ایس میں رائج کرنے کا فیصلہ جس عدالت نے سنایا ہے وہ انگریزی زبان میں جاری ہوا ہے۔ اگر آپ دفتری زبان کا مطالعہ کریں تو اردو میں کوئی خط یا نوٹس جاری کیا بھی جائے تو انگریزی کا کوئی نہ کوئی لفظ استعمال مجبوری ہوتا ہے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے جب اردو کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے تو ایک جج صاحب کو ذاتی محفل میں کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم نے “گول کیپر” کے لفظ کو اردو میں ترجمہ کرنے جو کوشش کی ہے، اس کے بدلے میں ہم ایک لفظ تو نہیں ڈھونڈ سکے، ہاں البتہ گول کیپر کے معنی کے قریب تین الفاظ کی مدد سے پہنچ سکے ہیں اور وہ کچھ یوں ہیں “محافظ مقام دخول” اس کے بعد پوری محفل قدرے شرمندگی والی ہنسی میں مبتلا ہو گئی۔
ہمیں ہر لفظ کا ترجمہ کرنے کے بجائے وہ الفاظ استعمال کرنے کی اجازت دینی چاہیے جو ہماری روزمرہ زندگی میں عام استعمال ہوتے ہیں۔ وہ لفظ چاہے انگریزی کا ہو یا کسی اور زبان کا۔ اگر ہم ہر لفظ کا ترجمہ کرنے لگے تو پھر اردو زبان کا نفاذ مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جائے گا۔ آج ان پڑھ لوگ بھی “گلاس” کو گلاس ہی کہتے ہیں “کٹورہ” نہیں۔ “تھرما میٹر” کو تھرما میٹر ہی بولتے ہیں “حرارت پیما” نہیں۔ “لوڈ شیڈنگ” کو لوڈشیڈنگ ہی کہتے ہیں نہ کہ “برقی تعطل”۔
آپ فیس بُک کی مثال لے لیجیے اس کو اردو میں کر کے دیکھیں تو آپ کے چودہ طبق روشن ہو جائیں گے۔ یا پھر اپنے موبائل کی زبان اردو میں کر کے دیکھیں تو آپ کو استعمال کرنے میں یقیناً دشواری محسوس ہوگی۔ اردو کے نفاذ کا فیصلہ قابل تحسین ہے لیکن عام فہم اردو جو ہم لوگ روز مرہ استعمال کرتے ہیں، دنیا کی بیشتر زبانیں وقت کے ساتھ ساتھ بدل رہی ہیں۔ یہی وقت کا تقاضہ ہے، ورنہ زبان کو جس قدر مشکل بناتے جائیں وہ استعمال سے عاری ہوتی جاتی ہے۔ اگر ہم اردوئے “معلیٰ” کی بجائے اردوئے “محلہ” کی اجازت دے دیں تو یقینا اردو کا نفاذ جلد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ آپ ذرا خود سوچیے کیا آپ میں ویڈیو گیم کو “بصری کھیل” کہنے کا حوصلہ ہے؟
dunyanews.tv
دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn