وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو معرکہ حق ، آپریشن بنیان المرصوص میں اعلیٰ حکمت عملی اپنانے اور دلیرانہ قیادت سے ملکی و قومی سلامتی کو یقینی بنا کر دشمن کو شکست فاش دینے پر فیلڈمارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔ بدھ کی سپہر انہیں ایک پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل کے بیجز لگادیئے گئے۔ وفاقی کابینہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔ جنرل عاصم منیر پاکستان کی تاریخ کے دوسرے فیلڈمارشل ہوں گے۔ قبل ازیں اکتوبر 1958 میں سکندرمرزا کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے والے مرزا کابینہ کے وزیردفاع اور کمانڈر انچیف جنرل ایوب خان نے سال بھر بعد 1959 خود کو فیلڈمارشل بنادیا۔ ایوب خان کا از خود فیلڈمارشل بن جانا ان کے اقتدار کے خاتمے تک ان پر تنقید کا ذریعہ بنارہا۔ اس طور دیکھا جائے تو پاکستان میں کسی جمہوری حکومت کی وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی تجویز کی متفقہ طور پر منظوری دیتے ہوئے کسی آرمی چیف کو فیلڈمارشل بنانے کی منظوری دی۔ صدر مملکت، وفاقی کابینہ، وزیراعظم، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ و گورنرز نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈمارشل بنائے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ ادھر فیلڈمارشل کے عہدے پر ترقی پانے والے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جسے نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم قربان۔ میں یہ اعزاز قوم ، افواج ، شہدا اور غازیوں کے نام کرتا ہوں۔ یاد رہے فیلڈمارشل کے عہدے پر ترقی پانے والے جنرل عاصم منیر آرمی چیف بننے سے قبل آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں آئی ایس آئی کی سربراہی سے قبل از وقت اس لئے ہٹادیا گیا تھا کہ انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کی تیسری اہلیہ، ان کی سہیلی اور چند دیگر افراد کی کرپشن کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ کرپشن سے پاک نظام اور بلا امتیاز احتساب کے نعروں پر اقتدار حاصل کرنے والے وزیراعظم کو یہ رپورٹ ناگوار گزری اور جنرل عاصم منیر کو آئی ایس آئی کی سربراہی سے ہٹادیا گیا۔ ان کی جگہ جنرل فیض حمید کو لایا گیا۔ جنرل ر فیض حمید ان دنوں کرپشن سمیت متعدد سنگین الزامات میں کورٹ مارشل کی کاروائی کا سامنا کررہے ہیں۔
ایڈیٹر قلم کار
دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn