14/11/2025 1:54 شام

کوالی فیکیشن

فرنٹ ڈیسک آفیسر نے اس کی سی وی کو غور سے دیکھا۔ پھر پیشہ وارانہ مسکراہٹ کے ساتھ کاؤنٹر پر کھڑے نوجوان کی طرف لوٹا دی۔ 
” سوری سر! آپ اس جاب کے لئے سوٹ ایبل نہیں ہیں۔ ”
"کیوں نہیں ہوں؟” نوجوان نے استفسار کیا

” سر ہمیں اپنی کمپنی کے لئے کوالیفائڈ انجینئر کی ضرورت ہے ، جس کے پاس کم از کم پانچ سال کا تجربہ بھی ہو ۔” آفیسر کی مسکراہٹ میں کوئی کمی نہیں آئی ۔۔
” تو کیا ہوا آپ میری درخواست اندر پہنچائیں مجھے یقین ہے آپ کے باس مجھے ایک چانس ضرور دیں گے ” نوجوان نے اصرار کیا
” سر پلیز مجھے بتائیں آپ کس بیس پر یہ کہہ رہے ہیں کہ یہ جاب آپ کو مل جائے گی جب کہ آپ صرف سمپل گریجویٹ ہیں ؟ ” آفیسر اپنی حیرت چھپا نہ سکی ۔
” کیوں کہ میں آئین پاکستان پہ یقین رکھتا ہوں "نوجوان نے اطمینان سے جواب دیا۔