ہمارے معاشرے میں ایک لفظ رائج ہو گیا ہے جسے زن مرید رن مرید یا جورو کا غلام کہتے ہیں
حقیقت میں یہ لفظ طعنہ یا گالی عورت کی حق تلفی کی علامت ہے ہم ہر اس مرد کو اس لقب سے نواز دیتے ہیں جو اپنی بیوی کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آتا ہے اس کا خیال رکھتا ہے یہ واحد ایسا رائج طعنہ ہے جسکی وجہ سے کوئی بھی شخص جو اپنی عورت سے محبت کرتا ہے کھل کر اس کا اظہار نہیں کر سکتا
اصل میں ہم عورت سے محبت کو توہین سمجھنے لگے ہیں اس لیے شادی کے کچھ عرصے بعد خواہ کتنی ہی محبت کیوں نہ ہو دوسروں کے سامنے بیوی یا عورت کا رونا روتے ہی نظر آتے ہیں
اس سلسلے میں ہمارے کچھ دوست باقاعدہ مذہبی روایات کا سہارا لیتے بھی نظر آتے ہیں جو کہ سراسر غلط ہے اگر میں یہ کہوں کہ شادی کے حوالے سے رائج باتیں جو عورتوں کی توہین پر مشتمل ہیں اخلاقی لحاظ سے بہت بڑا جرم ہیں تو بے جا نہ ہو گا یہاں بھی ہم ان لوگوں کا تعاقب کریں گے جنہوں نے چند روایات کی یا چند کرداروں کی بنا پر عورت کو قابل نفرت مخلوق بنا دیا ہے اور نام نہاد تقوے کو بچانے کے لیے عورت سے دوری کا درس دینا شروع کیا ہے
کسی فلسفی نے عورت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے
آئیے ہم کچھ روایات پڑھتے ہیں جن میں امام جعفر صادق علیہ السلام نے عورت کے بارے میں فرمایا
امام علیہ السلام نے فرمایا بندہ جس قدر عورتوں سے محبت کرے گا اتنا ہی ایمان میں اس کا فضل شرف زیادہ ہو گا
پھر فرمایا
جس قدر انسان کے ایمان میں زیادتی ہو گی اتنی ہی اس کے اندر عورتوں سے محبت میں زیادتی ہو گی
یہاں محبت سے مراد صرف جنسی تعلقات یا رومانٹک گفتگو نہیں ہے بلکہ انہیں ہر معاملے میں خوشی غمی میں شریک کرنا اور ان سے مشورہ لینا ہے جیسا کہ ہم پچھلی تحریر میں بتا چکے ہیں جب ہم ایسی روایات کا ذکر کرتے ہیں تو دوست کہتے ہیں وہ تقویٰ باز اور پرہیزگار عورتوں کے متعلق ہے اور عجیب بات یہ ہے کہ کہ تقوے کا معیار بھی وہ خود طے کرتے ہیں
خیر ان دوستوں کے لیے بھی امام کا فرمان ہے کہ
سب سے زیادہ خیر عورتوں میں ہے
آئیے اس صنف سے محبت کیجیے جس کی محبت سے آپ کی دنیا اور آخرت کا مستقبل وابستہ ہے.


دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn