سب سے پہلے تو عمران خان سمیت تمام پاکستانیوں کو الیکشن کی کامیابی پر مبارک باد اور نیک تمنائیں۔ خدا کرے کہ اس ملک کو یہ کامیابی راس آجائے اور جو وعدے عمران خان نے الیکشن سے پہلے اور الیکشن جیتنے کے بعد قوم سے کئے وہ پورے ہو سکیں۔
خان صاحب کاقوم سے خطاب بحیثیت وزیراعظم نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے تھا اس لئے مختصر طور پر چیدہ چیدہ نکات بیان کرنے کی کوشش کی۔ لیکن جتنی بھی باتیں کی گئی وہ متاثر کن اور حقیقت پسندی پر مبنی تھیں۔ ماضی کے برعکس کوئی بلند و بالا دعوے نہ تھے بلکہ بنیادی مسائل کی طرف توجہ تھی۔
چند بنیادی باتیں جن پر نئی حکومت کو فوری طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ان میں سے کچھ تو خان صاحب نے بیان فرمائی ہیں جیسے تعلیم، صحت، خارجہ پالیسی، کرپشن، اداروں کی مضبوطی، احتساب، زر مبادلہ، ٹیکس، وی آئی پی کلچر کا خاتمہ، اقلیتوں کے حقوق، روزگار وغیرہ۔ لیکن ساتھ ساتھ جو باتیں وہ ان کے خطاب میں شامل نہیں تھیں مگر انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جن میں بیرونی قرضے، دہشت گردوں کی پشت پناہی، کمزور داخلہ پالیسی، وسائل کی منصفانہ تقسیم شامل ہیں۔
نئی حکومت کے سامنے اب جو سب سے بڑا چیلنج ہوگا وہ اپنے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔ جس خلوص سے قوم نے ان کو منتخب کیا ہے اس سے کئی گنا زیادہ خلوص اور محنت سے عوام کے ان تمام مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ اس قوم نے ایک طویل وقفے کے بعد کسی رہنما پہ اس قدر اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور اگر یہ حکومت بھی اپنے وعدے پورے نہ کر سکی اور ماضی کی حکومتوں کی طرح لوٹ کھسوٹ میں لگ گئی تو پھر سے یہ قوم ایک طویل عرصے تک کسی پر اعتماد نہیں کر سکے گی۔ اور ملک ایک ایسی تاریکی میں ڈوب جائے گا جہاں سے نکلنا انتہائی دشوار ہوگا۔
حکومت کے ساتھ ساتھ ایک باشعور قوم کی حیثیت سے ہم پر بھی لازم ہے کہ حکومت کے اچھے اقدامات کو سراہیں اور کوتاہیوں پر کڑی تنقید کریں تا کہ مثبت تبدیلی و ترقی کا عمل جاری رہے۔
ہم سب کی یہی دعا ہے کہ آنے والا وقت پاکستان کے لیے خوشحالی و استحکام کی نوید لے کر آئے۔ آمين
خدا کرے کہ میری عرض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کھلے وہ کھلا رہے برسوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
خدا کرے میرے اک بھی ہم وطن کے لئے
حیات تنگ نہ ہو زندگی وبال نہ ہو
پاکستان پائندہ باد
دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn