Qalamkar Website Header Image

اختلاف رائے سے محروم ہوتا ہوا معاشرہ

الیکشن 2018 کے قریب آتے ہی سوشل میڈیا میدان جنگ کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ عام عوام سے لے کر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک افراد اپنے اپنے تجربات پہ مبنی تجزیات اسٹیٹس اور ٹویٹس کی شکل میں پیش کرتے نظر آرہے ہیں۔

مختلف لوگ اور مختلف تجزیات، کسی کو عمران خان اس ملک کی آخری امید نظر آتا ہے تو کسی کو اس میں طالبان خان دکھائی دیتا ہے، کسی کے لیے بھٹو زندہ ہے تو کوئی پیپلز پارٹی اور اس کی کارکردگی سے نا خوش، کوئی ایم کیو ایم سے پرانی وابستگی کا دم بھر رہا ہے اور کہیں بے وفائی کا عنصر نظر آتا ہے۔

غرض یہ کہ ہر شخص اپنے اپنے تجربات کے مطابق ایک پارٹی کو خدا سمجھ کر دوسری پارٹی کے حامیوں کے لیے لعنتوں اور ملامتوں کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔

اس سب کے بیچ ایک ٹولہ وہ بھی ہے جس نے کسی پارٹی کو ووٹ نہیں دینا لیکن وہ ہر اس شخص کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے جس نے ووٹ دینا ہے۔

ایسے لوگ "محبان وطن” کا مذاق اڑاتے بھی نظر آتے ہیں اور ان کو بے وقوف اور اندھا ہونا جیسے القابات سے بھی نوازتے رہتے ہیں۔ دوسری طرف اس ہی ٹولے کو محب وطن "اینٹی پاکستان” اور "اینٹی اسٹیبلشمنٹ” جیسے القابات سے نوازتے ہیں۔
گویا الیکشن نہیں میدان جنگ ہے۔

یہ بھی پڑھئے:  تلور کے شکار کی اندرونی کہانی

ہر جانب سے جمہوریت، آمریت کی صدائیں بلند ہیں۔ اس سب کے بیچ میں ایک صحافت کی طالب علم اس سوچ میں پڑ گئی ہوں کہ سچ کیا ہے؟

اور میں اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ ہر شخص کا سچ دوسرے فرد سے مختلف ہے۔

آج کریم سروس سے گھر آتے ہوئے ڈرائیور نے مجھ سے شاید بات کرنے کا موقع تلاش کرنے کے لیے یوں ہی کہا "کل ہمارے پشاور میں بڑا دھماکہ ہوا” ۔۔ میں نے جواب میں بس اتنا ہی کہا "مجھے بہت افسوس ہے”

لیکن شاید اس کا سچ مختلف تھا تو وہ فورا بولا "ہمیں بالکل نہیں ہوا، یہ سب ہندو لوگ تھے جو مرے، یہ انڈیا کے ایجنٹ تھے”

اور میں اس سوچ میں پڑ گئی کہ انسانی جان کی حرمت کا کیا بنا؟ ہم اختلاف میں حد سے اتنا بڑھ جاتے ہیں کہ ہمیں دوسرے انسان کی جان کی بھی پرواہ نہیں۔

وہ خوش تھا کہ ایک انڈیا کا ایجنٹ مر گیا کیونکہ اس کے لیے سچ یہی تھا۔ وہ میرا سچ سننے کے لیے تیار نہیں تھا لہذا میں نے کوشش بھی نہیں کی۔

لیکن ایک بات سمجھ آگئی، ہم سب اپنی اپنی زندگیوں میں چاہے وہ مذہب ہو یا سیاسی شعور، کسی دوسرے کا سچ سننا نہیں چاہتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے مسائل بڑھ رہے ہیں لیکن حل پیش کرنے والا کوئی نہیں۔ روز سوشل میڈیا پر آکر ہم نا انصافیوں اور مظالم کے خلاف آواز تو اٹھاتے ہیں لیکن ہمارے حالات بد سے بد تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:  برادر یوسف کے نام سورگ سے ایک خط - محمد عامر حسینی

ایک بات تو ثابت ہے، جس قوم کے نوجوان ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میں مصروف ہوں وہاں بہتری کی جانب پہلا قدم کون رکھے گا؟

حالیہ بلاگ پوسٹس