بچپن میں ٹیلیویژن پر اکثر ایک اشتہار دیکھا جس میں صافی نامی شے سے کچھ اس طرح کا دعوی کیا جاتا تھا؛
صافی سے خون صاف، چہرہ شاداب
اس زمانے میں تو باوجود کوشش کبھی اس کا مطلب سمجھ نہ آیا اور پھر ہم بھول بھال گئے۔ وجہ شاید یہ رہی کہ اشتہار بند ہو چکا تھا اور اس وقت چینل بھی ایک ہی ہوتا تھا پی ٹی وی۔ وقت گذرتا رہا اور کئی نجی چینل میدان میں آ گئے۔ ایک دن معلوم ہوا کہ صافی کی ٹی وی پر واپسی ہو گئی ہے، اپنے آزمودہ تجارتی نعرے کے ساتھ۔ بس ایک فرق ہے، اس بار صافی نے صرف کہا نہیں بلکہ ناظرین کو واقعی خون صاف کر کے دکھایا، بے گناہوں کے لہو میں بھیگے قاتلوں کے ہاتھوں سے، ہتھیاروں سے، دامن سے، چہرے سے ۔ ۔ ۔کبھی کابل کے افغانوں کا خون،کبھی کوئٹہ کے ہزاروں کا، کبھی داتا کے لاہوری دیوانوں کا تو کبھی سیہون کے مانڑو ملنگوں کا۔ لیکن سننے میں آیا کہ اتنی محنت پر بھی فروخت اچھی تھی نہ قیمت صحیح وصول ہوئی۔پھر ایک دن صافی کی جانب سے وہ مشکل کام کرنے کا اعلان آیا جو کسی سے نہ ہوسکا تھا۔ صافی نے اس بار نہ صرف خون صاف کیا بلکہ قاتل کا چہرہ بھی شاداب تھا ۔ ۔ ۔ جانے کیوں ہمیں ایسا لگا کہ سکول کے معصوم بچے اپنے لہو کی موجوں میں ڈوب رہے ہیں اور قاتل کنارے کھڑا ہذیانی انداز میں گا رہا ہے ۔ ۔ ۔ صافی سے خون صاف ہاہاہاہاہا خون صاف ہاہاہا خون صاف
مصلوب واسطی انجینئرنگ کے شعبہ سے وابستہ ہیں، بحیثیت بلاگر معاشرتی ناہمواریوں اور رویوں کے ناقد ہیں۔
دوستوں کے ساتھ شیر کریں
- Click to share on Facebook (Opens in new window) Facebook
- Click to share on X (Opens in new window) X
- Click to share on WhatsApp (Opens in new window) WhatsApp
- Click to share on Tumblr (Opens in new window) Tumblr
- Click to share on Pinterest (Opens in new window) Pinterest
- Click to share on LinkedIn (Opens in new window) LinkedIn